مظفرآباد/آزاد کشمیر(پی پی آئی)صدر ریاست آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ملک آباد بالخصوص جنوبی افریقہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اْجاگر کرنے اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت سوز مظالم شروع کر رکھے ہیں۔ پانچ اگست 2019سے لے کر اب تک بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکر دی ہے مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں کو اپنے گھروں میں قید کر کے رکھا ہوا ہے۔ اس وقت کشمیری عوام اپنی مرضی کے مطابق اپنے گھروں سے بھی نہیں نکل سکتے۔ بھارت آئے روز مظلوم کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے، کشمیریوں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے اور قید کر کے ٹارچر سیلوں میں بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایسے حالات میں دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کے ان مظالم کے خلاف اکٹھے ہو کر اپنی جاندار آواز بلند کریں تاکہ دنیا کو بھارت کا یہ گھناؤنا چہرہ نظر آ سکے۔ ریاست آزاد جموں وکشمیر کے اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سوسائٹی ساؤتھ افریقہ کے صدر حق نواز سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر بھی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے جس کے واضح ثبوت کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹریڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے کیونکہ بھارت کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہے۔اس لئے بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص جنوبی افریقہ میں مقیم کشمیری بھارت کے دہشت گردی والے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے آشکار کریں۔ کشمیر سوسائٹی ساؤتھ افریقہ کے صدر حق نواز نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لئے عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کشمیر سوسائٹی جنوبی افریقہ کے صدر حق نواز نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ساؤتھ افریقہ کے دورے کی دعوت دی جو کہ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر تے ہوئے کہا کہ وہ جلد جنوبی افریقہ کا دورہ کرکے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں گے۔