کراچی کی اسٹریٹ لائٹس، پلوں اور فلائی اوورز کو بہتر کررہے ہیں:بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی(پی پی آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس ملک کو نوجوان اور پر عزم لیڈر شپ کی ضرورت ہے، بروقت اور جر?ت مندانہ اقدامات سے ہی بہتر فیصلے کیے جا سکتے ہیں،نوجوان اور پْرعزم آفیسرز ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں، کراچی کے انفراسٹرکچر، اسٹریٹ لائٹس، پلوں اور فلائی اوورز کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں،کے ایم سی کے ٹیکس کلیکشن میں اضافے سے صورتحال میں بہتری آئی ہے،کے ای کے ذریعے ٹیکس کلیکشن سے تین ارب روپے سے زائد سالانہ کی آمدنی متوقع ہے، کراچی کے لیے اوّلین ترجیح صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام کو بہتر کرنا بھی ہے جس کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پولیس سروس کے 51ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام اور 27ویں کمانڈر کورس کے شرکاء   پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفد کو کے ایم سی آمد پر خوش آمد ید کہا، انہوں نے کہاکہ کے ایم سی کراچی میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی پر مامور مرکزی ادارہ ہے، اس وقت واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا کنٹرول بھی میئر کراچی کے پاس ہے جس سے شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں اجتماعیت اور تیز رفتاری کو یقینی بنانے میں بہت مدد ملی ہے، اس کے علاوہ شہر کے دیگربلدیاتی اداروں کے ساتھ بھی مکمل رابطہ رکھا جاتا ہے اور شہریوں کی مشاورت سے تمام امور انجام دیے جارہے ہیں، اس حکمت عملی کے موثر اور مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ادارے کو چلانے کے لئے مالی استحکام لازمی ہے، کے ایم سی کی مارکیٹوں میں دکانوں کا کرایہ دو سو روپے سے ایک ہزار روپے تھا،کے ایم سی کی دکانوں کا کرایہ بڑھایا تو دکاندار احتجاج کے لیے میرے پاس آگئے،کرایہ بڑھانے سے کلیکشن 80ملین سے بڑھ کر 255ملین ہوگئی ہے جبکہ 82ملین روپے ہر ماہ تنخواہوں اور پنشن کی مد میں خرچ ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے تعاون سے کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید ترقیاتی منصوبے عوام کے سامنے لائے جائیں گے جس سے عام آدمی کو فوائد حاصل ہوں گے۔ اس سے قبل شرکاء   کو بریفنگ دیتے ہوئے میونسپل کمشنر افضل زیدی نے کے ایم سی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کے ایم سی کے مختلف محکموں اور ان کے ذمہ فرائض کے حوالے سے بتایا اور کہاکہ کے ایم سی شہریوں کو ہر ممکن بہتر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور اس کے لئے شہریوں کے مسائل کے فوری اور جلد حل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وفد کے شرکاء   نے بعدازاں کے ایم سی کی تاریخی عمارت کا دورہ کیا اور اس کی تاریخی اہمیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس کے دوران انہیں کے ایم سی کونسل ہال اور چھت پر تاریخی کلاک ٹاور کا دورہ بھی کرایا گیا۔ وفد کے اراکین نے اپنے دورے کو انتہائی مفید اور کارآمد قراردیا او رکہا کہ انہیں اس کے ذریعے کے ایم سی او راس کی کارکردگی کے متعلق بہت کچھ سمجھنے اور جاننے کا موقع ملا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

والیکا ہسپتال کے معاملات میں بہتری کے لیے انتظامی کمیٹیاں تشکیل

Thu Nov 28 , 2024
کراچی(پی پی آئی) کمشنر، سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن میانداد راہوجو نے اعلان کیا ہے کہ  سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن متعلقہ ورکرز کی رجسٹریشن کی تاریخ سے ورکرز کی شراکت کی ادائیگی کا مطالبہ کرے گا جبکہ رجسٹرڈ یونٹس کے آڈٹ کا طریقہ کار بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔  انہوں نے  سائٹ علاقے میں سیسی کی […]