کراچی(پی پی آئی) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ انسانیت ماضی کی نسبت اب زیادہ سخت اور سنگین ترین غلامی کا شکار ہے انسان کو آزاد پیدا کیاگیا مگر ہر دور میں اسے ایک نئے انداز میں غلامی کا سامنا کرنا پڑا فرد کی غلامی کی جگہ اب قومتوں اور ریاستوں کی غلامی نے لی جو کہیں زیادہ سخت ہے انسان کی اپنی حریت کیلئے طویل جدوجہد ہے اور اسے سب سے بڑا راستہ بھی خدا وند متعال کی جانب فراہم کیاگیا۔شیعہ علماکونسل پاکستان کے شعبہ اطلاعات کے مطابق علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ دین الٰہی نے ہر دور میں غلامی کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کیلئے رہنمائی بھی فراہم کی فرعون مصر سے کس طرح بنی اسرائیل کو نجات ملی رہتی دنیا تک کیلئے بہت بڑی مثال ہے جبکہ حضور اکرم نے اس دور کی سب سے بڑی غلامی کے دور کاخاتمہ کیا آج کی مہذب دنیا سمیت کسی بھی دین میں غلامی کا کوئی اختیار نہیں مگر آج عالمی سرمایہ داری نظام کیپٹل ازم اور اس جیسے دوسرے بظاہر خوبصورت نعروں نے نہ صرف افراد بلکہ معاشروں،قوموں اور ریاستوں کو غلامی کی ایسی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے جس سے فرار مشکل ترین ہوتا جارہاہے آج کے دور میں انسانیت مختلف قسم کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے جن میں سیاسی،معاشی،معاشرتی،تہذیبی غلامی ہیں ایک جانب عالمی مالیاتی اداروں نے مختلف قوموں اور ریاست کو جکڑا ہوا ہے دوسری جانب بڑی طاقتیں اپنی سیاسی چالوں کے ذریعے قوموں پر مسلط ہیں تو تیسری جانب اقتصادی پابندیوں کے جال اور آئے روزننگی جارحیت کے ذریعے انسانیت کی تذلیل اور ان کی زمینوں کو انہی پر تنگ کردیا جاتاہے۔