کراچی(پی پی آئی) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن فٹ بال کپ 2024 کا فائنل آج (7 دسمبر) کو ملیر ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن کے درمیان ککری گراؤنڈ لیاری میں شام ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا، فائنل فلڈ لائٹس میں ہوگا، فائنل میں پہنچنے والی ملیر ٹاؤن کی ٹیم نے دوسرے سیمی فائنل میں کے ایم سی کی ٹیم کو پنالٹی ککس پر 7 کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دی جبکہ مقررہ وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا،اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں بلدیہ ٹاؤن نے لیاری ٹاؤن کو دو صفر سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، فائنل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت 10 لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، ٹورنامنٹ میں سپروائز کرنے کے لئے بین الاقوامی تنظیم فیفا سے منظور شدہ ریفری اور دیگر ٹیکنیکل عملے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ سابق فٹ بالرز اور ماہرین کی مشاورت حاصل کی گئی ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت شہر میں منعقد ہونے والے اس پہلے میٹروپولیٹن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کو ہر اعتبار سے معیار کے مطابق بنایا جائے اور فٹ بال کے شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے۔