کراچی(پی پی آئی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جلد پارا چنار جاوں گا او ر وہاں کے مسئلہ کو حل کرائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاوس میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 12ربیع الاول کے بابرکت دن اللہ تعالیٰ نے مجھے گورنرسندھ کے منصب پر بٹھایا تو یہ اللہ تعالیٰ نے ہی میرے دل میں بات ڈالی ہے کہ میں پارا چنار جاوں ا س ضمن میں شہنشاہ نقوی، مفتی منیب الرحمن،ناصر عباس اور دیگر سے بات چیت کا آغاز کیا الحمد اللہ ان کے ہمراہ جلد پارا چنار جارہا ہوں وہاں فریقین کے ساتھ بیٹھوں گا۔پارا چنار کا مسئلہ اہم اور ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔ اس مسئلہ کو سمجھنا اوراسے حل کرنا ہوگا کیونکہ وہاں بچے مر رہے ہیں انہیں غذائیت کی قلت کا سامنا ہے لوگ ایک دوسرے کو مار رہے ہیں یہ اقدام کسی سیاسی مقاصد کے لئے نہیں بلکہ یہ قدم اس لئے اٹھارہا ہوں کہ گزشتہ 10 دنوں سے وہاں کے راستے بند ہیں۔ پارا چنار کے مسئلہ کو جلد سے جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت مستحکم،انٹریسٹ ریٹ کم، اسٹا ک ایکس چینچ بلند ہورہی ہے۔ دشمن طاقتیں پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں پاکستان کا اصل تشخص دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا چہرہ دنیا کو دکھلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو بتانا ہوگا کہ پاکستان کے نوجوان آئی ٹی کی طرف جارہے ہیں۔دوست ممالک سرکل ریلوے، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔