کراچی(پی پی آئی)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا(اپنا) نے مشترکہ طور پر ڈاؤ-اپنا سینٹر فار ایمرجنگ ٹیکنالوجیز قائم کرنے کا اعلان کردیا، ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی،صد ر اپنا ڈاکٹر آصف محی الدین،چیئرمین اپنا ونٹر میٹنگ ڈاکٹر سعید صابر نے انسٹیٹیوٹ کی تختی کی نقاب کشائی کر کے رسمی افتتاح کیا، یہ اقدام مصنوعی ذہانت اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز میں تعلیم اور تربیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اپنا کے صدر ڈاکٹر آصف محی الدین نے کہا کہ ہمیں ڈاؤ یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ڈاؤ-اپنا سینٹر فار ایمرجنگ ٹیکنالوجیز (ڈی اے سی ای ٹی) کے قیام پر فخر ہے، یہ ایک انقلابی اقدام ہے جو پاکستان کی سرکاری میڈیکل یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کا پہلا انسٹی ٹیوٹ ہے، ڈاکٹر ضیا محی الدین نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کے قیام میں اپنا کی یہ شراکت ، پاکستان میں تعلیمی عمدگی اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے،،انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اپنا کی جانب سے ڈاؤ یونیورسٹی کو 2 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ فراہم کی جارہی ہے جس کے تحت ڈی اے سی ای ٹی کے قیام میں مدد ملے گی۔ ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ پاکستان کی کسی بھی سرکاری میڈیکل یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کا پہلا اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز سینٹر ہونے کے ناطے، طلبہ کو میڈیسن کے ارتقائی منظرنامے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ایک اہم تربیتی مرکز کا کردار ادا کرے گا۔