کراچی 03جنوری(پی پی آئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئر مین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی صرف چند قدم کے فاصلے پر ہے۔ امریکی روایات کے مطابق سبکدوش ہونے والے صدرجوبائیڈن قیدیوں کو صدارتی معافی دے رہے ہیں جن میں سنگین جرائم میں ملوث افراد بھی شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر عافیہ نے تو کوئی جرم بھی نہیں کیا ہے۔دو ماہ گزرنے کے باوجود پتہ نہیں چل رہا ہے کہ وزیراعظم کا لکھا گیا خط پاکستانی وزارت خارجہ نے ابھی تک جوبائیڈن کو پہنچایا بھی ہے یا نہیں۔ اس کا واضح مطلب ہے کہ عافیہ کی واپسی کی راہ میں رکاوٹ وزارت خارجہ کے اندر سے ہے۔ اگر عافیہ کی رہائی کا یہ موقعہ بھی ضائع ہوگیا جو ابھی بیس جنوری تک باقی ہے تو یہ ایک بہت بڑانقصان ہوگا اور قوم اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، جوبائیڈن انتظامیہ سے براہ راست رابط کر کے عافیہ کی رہائی کے معاملے کو اٹھائیں۔ٹیم عافیہ پاکستان کے زیراہتمام اور پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے تعاون سے کراچی پریس کلب سمیت ملک بھر کے بیس سے زائد شہروں میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے میں سرکاری حکام کی جانب سے غفلت برتنے کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز کے علاوہ مختلف دینی، سیاسی اور سماجی جماعتوں نے شرکت کی۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد، کراچی کے سینئر رہنما سردار ذوالفقار، اکرم آگریا،نرگس خان، عذرا خان، حامد صدیقی، کلیم اللہ ملک، نورالامین، ساجد خان، اختر قریشی، فضل ربی، جاوید اقبال، سعیدل،جے یو آئی ضلع ملیر کے ترجمان شیرو بنگش، ایم ایس او سندھ اور کراچی کے رہنما ملک اشتیاق، عنایت فاروقی، سماجی رہنما پروفیسر تنویرملک، انجینئر وسیم فاروقی، الحاج حسین احمد، اسماعیل سومرو و دیگر شامل تھے۔پی ڈی پی کے سینئر وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے خط لکھ کر قوم کے دل جیت لیے تھے مگر سرکاری وفد کے دورے نے نہ صرف قوم میں غم وغصہ پیدا کیا بلکہ حکومت کی نیک نیتی کے بارے میں شکوک و شبہات پید ا کردیئے۔