کوئلہ کان کے مزدوروں کی گاڑی بم دھماکے کا شکار، 11 جاں بحق, 6 زخمی

کوئٹہ، 14 فروری (پی پی آئی): صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں جمعہ کے روز کوئلہ کان کے مزدوروں کو لے جانے والی گاڑی سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے ایک بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے بتایا کہ متاثرہ گاڑی شاہرگ میں سڑک کے قریب نصب بم سے ٹکرا گئی تھی۔ لاشوں اور زخمیوں کو بیسک ہیلتھ یونٹ شاہرگ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد زخمیوں کو مزید علاج کے لئے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم کیا اور کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رحم کے مستحق نہیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا یقین دلایا اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے احتساب کا اعلان کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

جسٹس اعجاز سواتی نے قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کا حلف اٹھا لیا

Fri Feb 14 , 2025
کوئٹہ14فروری (پی پی آئی) جسٹس اعجاز سواتی نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ یہ تقریب جمعہ کو منعقد ہوئی جس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز، رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ اور نامور وکلا نے شرکت […]