مظفرآباد، 17فروری (پی پی آئی)حلقہ کھاوڑہ میں مختلف جماعتوں کے کارکنان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر و قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیرچوہدری لطیف اکبر کی لوئر کوٹ، یونین کونسل کٹکیر آمد پر پیپلز پارٹی کے رہنماوں سید صابر حسین شاہ، چوہدری غلام حسین، چوہدری افسر سجاد سمیت جم غفیر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)، مسلم کانفرنس، اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے اپنے خاندانوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ چوہدری لطیف اکبر نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور ہار پہنائے۔جموں و کشمیر اسمبلی کے ایک بیان کے مطابق چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ عوامی خدمت پیپلز پارٹی کا مشن ہے اور وہ کبھی بھی کارکنان کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کارکنان کو پیپلز پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے پر زور دیا تاکہ عوامی خدمت میں کوئی کمی نہ رہے اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔