کراچی،8مارچ (پی پی آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کی روشنیاں بحال کی جائیں گی اور شہر میں روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں پچاس ہزار نوجوان جدید آئی ٹی کورسز مفت کر رہے ہیں جبکہ مستحق افراد میں راشن بیگز اور نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ نئے وزرا حلف اٹھا چکے ہیں اور امید ہے کہ وہ عوامی خدمت پر توجہ دیں گے۔یہ بات انہوں نے اتحاد رمضان کے شرکا سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں دعائیں قبول ہوتی ہیں، اس لیے ملک اور قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ اس موقع پر گورنر ہاؤس میں قرعہ اندازی بھی کی گئی جس میں بینا ظفر کو عمرہ کا ٹکٹ ملا۔ ٹکٹ ملنے پر وہ آبدیدہ ہو گئیں اور اپنی دیرینہ خواہش پوری ہونے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے دو بچوں کے عمرہ ٹکٹ، ویزہ اور رہائش کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ قرعہ اندازی میں 120 گز کے پلاٹ کا قرعہ جاوید اقبال کے نام نکلا، جنہوں نے کہا کہ وہ کرائے کے مکان میں رہتے ہیں اور یہ ان کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔قبل ازیں، گورنر ہاؤس میں افطار اور ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف جامعات کے طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ گورنر سندھ نے طلبہ کا خیرمقدم کیا اور ان کے ہمراہ افطاری کی۔ طلبہ نے اس موقع پر کہا کہ گورنر سندھ کے ساتھ افطاری کرنا ایک منفرد تجربہ ہے۔دوسری جانب، گورنر سندھ نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں سحری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہاں کے مکینوں کو شناختی کارڈ بنوانے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے حل کے لیے وہ وزیراعظم سے بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی فراہمی کے مسائل کے حل کے لیے ایم ڈی واٹر بورڈ کو فوری طلب کیا جا رہا ہے۔گورنر سندھ نے اورنگی ٹاؤن کے مکینوں کو گورنر ہاؤس میں بغیر کسی ٹیسٹ کے آئی ٹی کورسز میں داخلے کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گورنر ہاؤس میں جاری کورسز کے ذریعے نوجوان چھ سے آٹھ لاکھ روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔ مارکیٹ میں نو لاکھ روپے مالیت کا یہ کورس گورنر ہاؤس میں بالکل مفت کرایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک ساڑھے نو لاکھ مستحقین میں راشن تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ چوری یا چھینی گئی موٹر سائیکلوں کے متاثرین کو بھی موٹر سائیکلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
Next Post
ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی ساتھ مل کر شہر کی ترقی کے لیے اقدامات کریں:میئر کراچی
Sat Mar 8 , 2025
کراچی،8مارچ (پی پی آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے، ایم کیو ایم پاکستان اور جماعت اسلامی کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ ساتھ مل کر شہر کی ترقی کے لیے […]
