کراچی،15مارچ (پی پی آئی)سندھ کے سینئر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی کے جاری تعمیراتی کام کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ منصوبہ ستمبر 2025 کے بجائے مئی 2025 میں مکمل کر لیا جائے گا۔دورے کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری، پروجیکٹ ڈائریکٹر، انجینئرز، تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندے اور کنسلٹنٹس موجود تھے۔ کنسلٹنٹس نے سینئر وزیر کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں پیش رفت، حائل رکاوٹوں اور تکمیل کے متوقع وقت سے آگاہ کیا گیا۔شرجیل انعام میمن نے ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اسے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرانسپورٹ منصوبہ بنایا جا رہا ہے اور حکومت سندھ عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ریڈ لائن بی آر ٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن، واٹر بورڈ اور کے فور منصوبے سے متعلق کچھ مسائل درپیش ہیں، جنہیں جلد حل کیا جائے گا۔ گرین لائن بی آر ٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے کرایے نہیں بڑھائے جائیں گے بلکہ سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔بسوں کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ کراچی کے لیے 180 بسوں کی فراہمی کے وعدے کو پورا کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔خواتین کے لیے خصوصی سفری سہولتوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پنک اسکوٹر خواتین کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جو خاص طور پر نوکری پیشہ خواتین کے لیے ہوں گی۔ مزید کہا کہ پنک ٹیکسی سروس بھی جلد متعارف کرائی جائے گی تاکہ خواتین کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت مل سکے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے “آئی ورک فار سندھ” ایپ اور پورٹل کا آغاز کیا ہے، جس کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ تمام منصوبے کراچی کے عوام کے لیے ہیں اور انہیں بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ شہر میں جدید سفری سہولتیں دستیاب ہو سکیں۔
Next Post
وزیراعظم کا انسانی اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز کو مزید تیز کرنے کی ہدایت
Sun Mar 16 , 2025
اسلام آباد (پی پی آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کے روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کو سراہا جنہوں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث جاجہ گینگ کے مشہور رہنما عثمان جاجہ کو گرفتار کیا۔اسلام آباد میں افسران سے ملاقات کے دوران […]
