کراچی میں جعلی چارجڈ پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے، عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے: پاسبان

 کراچی (پی پی آئی): پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کراچی کے بازاروں، دفاتر اور مصروف مقامات پر جعلی اور بے لگام چارجڈ پارکنگ کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو پارکنگ مافیا کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور ٹریفک پولیس صرف پیسے کمانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ چارجڈ پارکنگ کا نظام شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے ایک اذیت بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پارکنگ فیس کے نام پر عوام سے من مانی وصولیاں کرنے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دسمبر 2023 میں سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی چارجڈ پارکنگ کو کالعدم قرار دیا تھا، لیکن اس کے باوجود کراچی کے ہر بڑے اور چھوٹے بازار میں پارکنگ مافیا سرگرم ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ مافیا خود ساختہ رسیدیں اور ٹکٹ چھپوا کر شہریوں سے ناجائز رقم وصول کر رہی ہے۔ اگر کوئی شہری پارکنگ کے لائسنس، حدود یا اجازت نامے کے بارے میں پوچھے تو اسے گالم گلوچ اور بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چارجڈ پارکنگ میں عوام سے فیس وصول کی جاتی ہے، لیکن اگر کسی کی گاڑی یا اس کا سامان چوری ہو جائے تو پارکنگ انتظامیہ کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتی۔ شہری اگر پارکنگ ایریا سے دور اپنی گاڑی کھڑی کریں تو وہاں بھی ان سے فیس وصول کر لی جاتی ہے۔انہوں نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، چائنا کٹنگ اور قبضہ مافیا کی طرح چارجڈ پارکنگ مافیا کے خلاف بھی سخت آپریشن کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ میئر کراچی کی جانب سے چارجڈ پارکنگ کے خاتمے کا اعلان کیے جانے کے باوجود شہر میں یہ غیر قانونی سرگرمی جاری ہے، جو انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔پاسبان رہنما نے کہا کہ کراچی میں کئی مارکیٹوں اور بڑی عمارتوں کے نقشے میں کار پارکنگ کے لیے مخصوص جگہیں موجود ہیں، لیکن انہیں گودام اور اسٹورز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اگر ان بیسمنٹ پارکنگ ایریاز کو بحال کیا جائے تو سڑکوں پر پارکنگ کی ضرورت کم ہو جائے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جعلی چارجڈ پارکنگ کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے اور عوام کو اس مافیا سے نجات دلائی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی بنچ کے قیام کو مثبت پیشرفت قرار دیا گیا

Tue Mar 18 , 2025
اسلام آباد (پی پی آئی)  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وزیرچودھری سالک حسین نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی بنچ کے قیام کو مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش انکی املاک […]