اسلام آباد، 16اپریل (پی پی آئی) پاکستان کی آبی زراعت کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے ایک انقلابی اقدام کے تحت، چائنا وورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی (COPHC) نے گوادر میں ایک جدید آبی زراعت کی صنعت کے قیام کے لیے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کے روز پاکستان کے وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انور چوہدری کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران، COPHC کے چیئرمین پروفیسر یو بو نے اس تزویراتی وژن کا خاکہ پیش کیا جس کا مقصد گوادر کو چین-پاکستان اقتصادی راہداری میں ایک اہم مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے گوادر کو سمندری غذا کی پیداوار، پروسیسنگ، اور برآمدات کے مرکزمیں تبدیل کرنے کا موقع قرار دیا۔ انہوں نے اس منصوبے کی روزگار پیدا کرنے، سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے، اور مقامی معیشت کو فروغ دینے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ پروفیسر یو بو نے منصوبے کے پائیداری اور تکنیکی پہلوؤں زور دیا، جسے پاکستان کی اقتصادی اور ماحولیاتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ بتایا۔ یہ تعاون گوادر کے سمندری وسائل اور سازگار سمندری حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش ہے تاکہ عالمی معیار کے مطابق برآمدات کوبڑھایا جا سکے۔دونوں فریقین نے حکومتی محکموں اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ جاری تعاون کے لیے عزم کا اظہارکیا تاکہ منصوبے کے یقینی طور پر عملی جامہ پہنایا جا سکے۔