کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، چار زخمی

کراچی، 14مئی (پی پی آئی)کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کے روز پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ چار زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ ایک خاتون راہگیر بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوگئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق، پہلا مقابلہ پاک کالونی تھانے کی حدود میں جہاہان آباد کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کی۔ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ دوسری کارروائی بغدادی تھانے کی حدود میں عیدو لین گلی نمبر 01 میں ہوئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی ڈاکو محمد یاسین ولد جان محمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کیں۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تیسری کارروائی کھارادر کے علاقے پھول چوک لی مارکیٹ میں کی گئی، جہاں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان، صدام ولد فقیر محمد اور لقمان حکیم ولد فضل ملک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کی۔ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تفتیش جاری ہے۔چوتھا واقعہ لانڈھی شیرپاؤ کالونی کی کچی آبادی میں پیش آیا، جہاں دو نامعلوم ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان چند موبائل فون چھین کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک لڑکے کے شور مچانے پر اہلِ محلہ جمع ہوگئے۔ فرار کی کوشش میں ایک ڈاکو نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں اس کا ساتھی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ ایک راہگیر خاتون، انجم زوجہ سردار خان، فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئیں۔ زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے تمام واقعات کی ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا یومِ تشکر و یومِ فتح منانے کا اعلان

Wed May 14 , 2025
کراچی، 14مئی (پی پی آئی) سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی نے 15 مئی کو ”یومِ تشکر و یومِ فتح“ منانے کا اعلان کیا ہے، جس میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی مزاحمت اور کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔حکومت سندھ کے محکمہ اطلاعات […]