خضدار میں اسکول وین پردہشت گرد حملہ بھارتی ایجنٹوں کی کارروائی ہے، آئی ایس پی آر

اسلام آباد، 21 مئی (پی پی آئی) خضدار میں آج اسکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ اور سفاک حملے کو دہشت گرد ریاست بھارت نے منصوبہ بندی کے تحت اپنے ایجنٹوں کے ذریعے انجام دیا، جس کے نتیجے میں تین معصوم بچے اور دو بالغ افراد شہید جبکہ متعدد بچے زخمی ہو گئے۔افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت نے دہشت گردی کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کرتے ہوئے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو سرگرم کر دیا ہے۔ یہ حملہ اسی مکروہ مہم کی کڑی ہے، جس کا ہدف پاکستان میں نرم اہداف، خصوصاً معصوم شہری اور بچے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ “آپریشن بنیان مرصوص” میں ناکامی کے بعد، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے یہ دہشت گرد گروہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے بعد بدحواسی کا شکار ہو چکے ہیں اور اب بھارت کی ریاستی پشت پناہی میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر اپنانا نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ اخلاقی پستی اور انسانی اصولوں سے مکمل لاتعلقی کو ظاہر کرتا ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ اس بزدلانہ اور بھارت کی سرپرستی میں ہونے والے حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بھارت کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔پاک فوج نے قوم کے عزم اور حمایت کے ساتھ اس عہد کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے بھارت کی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

خضدار میں اسکول وین پربم دھماکا، چار بچے جاں بحق

Wed May 21 , 2025
خضدار، 21 مئی (پی پی آئی) بدھ کے روز خضدار کے رکشن ہوٹل زیرو پوائنٹ کے قریب ایک تباہ کن بم دھماکے میں چار بچے جاں بحق ہو گئے اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر خضدار، یاسر اقبال دشتی نے میڈیا کو بتایا کہ جیسے ہی اسکول بس اس […]