ایران میں حکومتی تبدیلی اسرائیل کا ھدف ؛لیکن ناکام رہا: سابق صدر آزاد کشمیر

مظفرآباد 25 جون(پی پی آئی)آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حملے کے باوجود وہ اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکے جو جنگ سے قبل طے کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کا ایک مقصد ایران میں حکومت کی تبدیلی تھا جو تاحال ممکن نہیں ہو سکا، جبکہ دیگر مقاصد میں ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا، اس کی جوہری صلاحیت محدود کرنا اور میزائل ذخائر کو تباہ کرنا شامل تھے۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے بعد نافذ سیزفائر کے دوران ان تمام امور کا تجزیہ جاری ہے کہ کون فریق کتنا کامیاب ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اسرائیل اپنے بعض محدود فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہوگا، تاہم مجموعی طور پر وہ غزہ کی صورت حال سے دنیا کی توجہ ہٹانے میں زیادہ کامیاب رہا ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان حالیہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدور کا دیگر ممالک کے فوجی سربراہان سے براہِ راست ملاقات کرنا ایک غیر معمولی واقعہ ہے اور اس ملاقات نے پاکستان کی سفارتی حیثیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب پاک-بھارت جنگ بندی کی صورت حال سامنے آئی ہے اور امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کا مثبت انداز میں ذکر کیا اور مسئلہ کشمیر کو ایک بین الاقوامی تنازع کے طور پر تسلیم کیا، جو بھارت کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ ۔سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کی سب سے بڑی تشویش اس وقت یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن انتظامیہ کے دوران امریکا اور بھارت کے تعلقات مضبوط تھے، مگر حالیہ تبدیلیوں نے بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

کراچی میں 'پاکستان کیمیکل ایکسپو 2025' شروع،150 مندوب شریک

Wed Jun 25 , 2025
کراچی، 25 جون (پی پی آئی): ایکسپو سینٹر کراچی میں “پاکستان کیمیکل ایکسپو 2025” کا بدھ کر روزسے آغاز ہوگیا۔ سندھ کے وزیرِ صنعت و تجارت، جام اکرام اللہ ڈھاریجو نے افتتاح کیا۔ اس اجتماع میں ملکی اور بین الاقوامی صنعت کے ماہرین، سرکاری نمائندگان، غیر ملکی وفود، کاروباری رہنما، […]