کراچی 28 جولائی(پی پی آئی)پاکستانی موسیقاروں نے روانڈا میں منعقدہ اوبومنٹو آرٹس فیسٹیول 2025 میں متاثر کن پرفارمنس پیش کی، جس میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میوزک اکیڈمی کے ڈائریکٹرز اور میوزیشنز معروف گلوکار ارمان رحیم، احسن باری، جہانزیب شاہ (گزری)، مصطفی بلوچ اور امیش لدھانی نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے اس بین الاقوامی فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ۔
پاکستانی فنکاروں کی پرفارمنس کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔ اوبومنٹو آرٹس فیسٹیول میں ایک درجن سے زائد ممالک کے شرکاء نے شرکت کی، جن میں امریکہ، سری لنکا، جنوبی افریقہ، کانگو، کینیا، نائجیریا، تنزانیہ، یوگنڈا، فرانس، نیدرلینڈز، ڈی آر سی، برونڈی، روانڈا، نیپال اور زمبابوے شامل ہیں۔ پاکستانی وفد میں آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور گلوکار ارمان رحیم کے ساتھ دیگر گلوکار احسن باری، جہانزیب علی شاہ (گُذری) اور مصطفی بلوچ شامل تھے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آف اکیڈمیز امیش لدھانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ان کی پرفارمنس کا مقصد موسیقی کے ذریعے امن اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا