کراچی، 28 جولائی 2025 (پی پی آئی): کراچی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ شہر کے مختلف اضلاع میں پولیس کی ڈاکوؤں سے 20 مڈبھیڑیں ہوئیں، جن میں تین ملزمان ہلاک اور 19 زخمی ہوئے۔ زخمی ملزمان سمیت 33 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 26 ناجائز اسلحہ اور آٹھ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔
کراچی کے مشرقی، مغربی اور جنوبی زونز میں ہفتہ بھر جاری آپریشن کے دوران 872 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔
منشیات کے خلاف کارروائی میں لاکھوں روپے مالیت کے 79 کلو 668 گرام چرس، کرسٹل میتھ اور ہیروئن برآمد کی گئی۔ ان میں سے کچھ منشیات ملزمان سے مڈبھیڑ کے دوران برآمد ہوئیں۔
آپریشن کے دوران 112 سے زائد ناجائز اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جن کے بارے میں خیال ہے کہ انہیں ڈکیتی اور دیگر جرائم میں استعمال کیا جاتا تھا۔ یہ اسلحہ گرفتار ملزمان سے برآمد کیا گیا۔
مزید برآں، کراچی پولیس نے مختلف مقامات سے 38 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ایک بڑی گاڑی بھی برآمد کی ہے۔
کراچی پولیس نے جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ان کارروائیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
