سری نگر(پی پی آ ئی)بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طو رپر نظر بند سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت خطے کی زمینی صورتحال کے بارے میں دنیا کو گمراہ کرنے اور بھارتی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق غلام احمد گلزار کا یہ بیان بھارتی فوج کے شمالی زون کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیر کی سکیورٹی میں واضح بہتری آئی ہے۔غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سری نگر سے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ میں حالات معمول پر آنے کا بیان خود فریبی اور صریح جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر میں حالات معمول پر آ گئے ہیں تو بھارت نے اسے فوجی چھاؤنی میں کیوں تبدیل کر رکھا ہے۔ اگر بھارت کے دعوے درست ہیں تو اسے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیر کا دورہ کرنے اور زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے علاقے میں اپنے جرائم کو چھپانے کے لیے انسانی حقوق کے درجنوں محافظوں اور صحافیوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔غلام احمد گلزارنے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا اقدام انتہائی تکلیف ہے کیونکہ کشمیریوں کو تمام سیاسی، معاشری اور مذہبی حقوق سے محروم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست2019کا یہ اقدام کشمیر کی منفرد شناخت اور کشمیری ثقافت پر بدترین حملہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2029 سے اب تک 80 ہزار سے زائد کشمیری مسلسل حراست میں ہیں، پہلے سے ہی تباہ حال معیشت مزید تباہ ہوگئی ہے اور ہزاروں کشمیری اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
