اللہ کا گھر محفوظ نہیں تو کوئی جگہ محفوظ نہیں، آپ لوگوں کی وجہ سے ہم لاشیں اٹھا رہے ہیں
یہ اپنی حفاظت نہیں کرسکتے تو دھرتی کا کیا تحفظ کریں گے، تکلیف دہ لمحہ ہے:سراج الحق
پشاور(پی پی آئی) جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور تمام گورنرز سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کردیاہے۔پی پی آئی کے مطابق سانحہ پولیس لائنز پشاور سے متعلق سراج الحق نے مرکزی جامع مسجد اسلامیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اللہ کا گھر محفوظ نہیں تو کوئی جگہ محفوظ نہیں، آپ لوگوں کی وجہ سے ہم لاشیں اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت خیبرپختونخوا میں تکلیف دہ لمحہ ہے، پولیس لائنز واقعہ نے عالم اسلام کو سوال کرنے پر مجبور کیا کہ اتنی سیکیورٹی کے باجود مسجد محفوظ نہیں۔سراج الحق نے کہا کہ پشاور پبلک اسکول سے بھی یہ بڑا واقعہ ہے، یہ واقعہ کسی قبائلی علاقے میں نہیں بلکہ ہمارے محافظوں کی جگہ پر ہوا۔انکا کہنا ہے کہ اگر یہ اپنی حفاظت نہیں کرسکتے تو دھرتی کی حفاظت کیا کریں گے، اگر اللہ کا گھر محفوظ نہیں تو کوئی جگہ محفوظ نہیں۔
