بھارت کشمیریوں کو بدترین سیاسی، ثقافتی، معاشی اور مذہبی جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے:مسرت عالم

سری نگر(پی پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بدترین سیاسی، ثقافتی، معاشی اور مذہبی جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ شہدائے جموں وکشمیر نے اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کی ہے اور کشمیری عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ لاکھوں شہداکی عظیم قربانیوں کی حفاظت کریں۔ مسرت عالم بٹ نے کہا کشمیریوں کو معاشی طور پر مزید بدحالی کی طرف دھکیلنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں مختلف مقامات پر سیب کے سینکڑوں درخت کاٹ دیے گئے ہیں جبکہ قبل ازیں سیبوں سے لدے سینکڑوں ٹرک دانستہ طور روک کر کشمیری تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فسطائی بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل عام اور بے گناہ شہریوں کی گرفتاریوں سمیت انسانیت کے خلاف دیگر جنگی جرائم کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔