سری نگر(پی پی آ ئی)بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے گروپ20ملکوں پر زوردیا ہے کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علا قے جموں وکشمیر میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔کشمیر میڈیا کے مطابق فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں گروپ 20جلاس کے انعقاد کا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، مودی حکومت سرینگر میں اجلاس کے ذریعے عالمی برادری کو یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ فریدہ بہن جی نے تشویش کا اظہار کیا کہ بھارت نے گروپ 20اجلاس کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں میں تیزی لائی ہے اور نہتے کشمیریوں کا جینا مزید دو بھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیاہے،بے قصور لوگوں کو گرفتارکیا جا رہا ہے، جگہ جگہ ناکہ لگا کر لوگوں کی شناختی پریڈ کرائی جاتی ہے اور علاقے میں ہر طرف خوف و دہشت کا ماحول ہے۔عالمی برادری پر بھی زوردیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور انہیں ان کا بنیادی حق خودارادیت دلانے کے لئے بھارت پر دباو ڈالیں۔