مقبوضہ جموں وکشمیر،بارہمولہ میں 19سالہ نوجوان لاپتہ

سری نگر(پی پی آ ئی) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے علاقے خواجہ باغ سے ایک اور 19سالہ کشمیری نوجوان لاپتہ ہو گیا ہے۔کشمیرمیڈیاکے مطابق نوجوان جس کی شناخت امان ایاز خان کے نام سے ہوئی ہے،کے اہل خانہ نے بتایا کہ امان ہفتے کی دوپہر کوگھر سے نکلا اور تب سے لاپتہ ہے۔ دوسری جا نب قا بض بھارتی سیکورٹی فورسز نے ضلع راجوری میں ایک شخص کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند کردیا ہے۔ وقار حسین بجران نامی شخص پر کالا قانون لاگو کردیا ہے جو ضلع کی تحصیل تھنہ منڈی کے گاؤں بھنگائی کا رہائشی ہے۔پولیس نے نوجوان کی غیر قانونی نظربندی کاجواز پیش کرنے کے لئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ شخص مجاہدین کے لئے کام کرتا تھا۔ پبلک سیفٹی ایکٹ ایک انتظامی قانون ہے جس کے تحت کسی بھی شخص کو بغیر کسی وارنٹ یا الزام کے دو سال تک گرفتاریا نظربند رکھا جاسکتا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس قانون کو”غیرقانونی قانون“قراردیاہے جس سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہواہے۔