پاکستانی صحافیوں کیخلاف حملوں اور دھمکیوں میں 60 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے: فریڈم نیٹ ورک

اسلام آ باد(پی پی آ ئی) پاکستان میں صحافیوں کے حقوق کی تنظیم فریڈم نیٹ ورک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ’پاکستان میں صحافیوں،میڈیا پروفیشنلز اور میڈیا تنظیموں پر حملوں اور دھمکیوں کے واقعات میں 60 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ’سال دو ہزار اکیس بائیس میں پاکستان میں رونما ہونے والے 86 واقعات کے مقابلے میں رواں سال 140 واقعات رونما ہوئے ہیں،سال 2022 میں پاکستان میں صحافیوں،میڈیا پروفیشنلز اور مختلف میڈیا تنظیموں پر حملوں اور انھیں دھمکیاں دینے کے 140 واقعات رونما ہوئے ہیں جو گزشتہ سال کے واقعات کے مقابلے میں 60 فیصد سے بھی زیادہ ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد صحافیوں کے لئے زیادہ خطرناک رہا۔فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اقبال خٹک کے مطابق ’پاکستان ایشیا کا واحد ملک ہے جہاں سال 2021 میں صحافیوں کے تحفظ کے بارے میں قانون سازی کی مگر ڈیڑھ سال بعد بھی وفاق اور سندھ میں مذکورہ قانون پر عمل درآمد ہوسکا نہ ہی کسی ایک صحافی کی بھی مدد کی۔رپورٹ کے مطابق ’خواتین میڈیا پروفیشنلز بشمول ایک خواجہ سرا خاتون صحافی سمیت آٹھ خواتین صحافیوں اور میڈیا پرفیشنلز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک خاتون صحافی کو سیاسی جلسے کی کوریج کے دوران مارا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان سمیت عالمی سطح پر ہر سال 3 مئی کو پریس فریڈم ڈے منایا جاتا ہے جس کے تناظرمیں فریڈم نیٹ ورک نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔