چوہدری پرویز الہٰی کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

لاہور(پی پی آئی) چوہدری پرویز الہٰی کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی ہے اوران کی  لیگل ٹیم نے پی ٹی آئی کے صدر کی نظر بندی کا نوٹی فکیشن چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی پی آئی کے مطابق پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے  کہاہے کہ پرویز الہی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ تمام مقدمات میں ان کی ضمانت منظور ہوچکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ عدالت دہشت گردی کے مقدمے میں بھی پرویز الہی کو حفاظتی ضمانت دے چکی ہے۔عامر سعید راں نے کہا کہ امید ہے ہائیکورٹ نظر بندی کے احکامات معطل کردے گی۔ادرخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ فریقین نے بدنیتی کے ساتھ درخواست گزار کی مخالف اور اس وقت وفاق میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی ملی بھگت سے ایک کے بعد ایک وجہ کے تحت انہیں قید کر رکھا ہے۔ساتھ ہی استدعا کی گئی کہ ڈپٹی کمشنر نے 16 جولائی کو جاری کردہ حکم نامے کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔درخواست گزار نے مزید استدعا کی کہ نظر بندی کے احکامات کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے اور لاہور جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو درخواست گزار کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔چوہدری پرویز الہٰی کی 30 روز کے لیے نظر بندی کی درخواست ان کے وکلا عامر سعید راں، طاہر نصر اللہ وڑائچ، ا?صف محمود چیمہ، محمد مختار رانجھا، چوہدری فرمان اور محمد کاشف کچھی کی جانب سے دائر کی گئی۔