اسلام آباد(پی پی آئی) سابق رکن قومی اسمبلی اور معروف بزنس مین کنور قطب الدین خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کے اعزاز میں ایک بزنس نیٹورکنگ ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں شہر کے تاجروں وصنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پنجاب کے وزیر قانون و پارلیمانی امور کنور محمد دلشاد مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر قانون و پارلیمانی امور کنور محمد دلشاد نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل حل کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں اہم اسٹیک ہولڈر ہے اور حکومت انہیں کاروبار کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری کے اہم مسائل کو ہر متعلقہ فورم پر اٹھانے کے لیے کردار ادا کریں گے تاکہ ان کو جلد حل کیا جائے اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک نوجوان آبادی کا ملک ہے اور نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل دینے کیلئے ایک مضبوط معیشت کا فروغ وقت کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور ہم پراعتماد ہیں کہ یہ کونسل معیشت کو موجودہ بحران سے نکالے میں کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریٹیلرز اور رئیلٹرز پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائے تاکہ کاروباری شعبے کو غیر ضروری پریشانی سے بچا یاجا سکے۔انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری معیشت کی بحالی کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ سینئر سیاست دان اور سابق ممبر قومی اسمبلی کنور قطب الدین خان نے کہا کہ ری?ل اسٹیٹ شعبہ معیشت کو موجودہ بحران سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ 50 سے زائد متعلقہ صنعتوں کی ترقی اس انڈسٹری سے منسلک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی صنعت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے جس سے مزید سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی، کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مشکلات سے نکل کی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت برآمدات کیلئے افریقہ، وسطی ایشیا اور آسیان خطے سمیت نئی منڈیوں پر توجہ دے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو چاہیے کہ وہ نجی شعبے سے کاروباری وفود نئی مارکیٹوں کی طرف لے جائے تا کہ پاکستان کی تجارت و برآمدات کو ترقی دینے کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ پاکستان کے براہ راست فضائی روابط کو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے کاروبار اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی فوری نجکاری کی جائے اور نجی شعبے کو نئی ای?رلائنز شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے جس سے پاکستان کے تمام بڑی مارکیٹوں کے ساتھ براہ راست فضائی روابط مضبوط ہوں گے اور معیشت کیلئے متعدد فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔