معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی 9 مئی سے متعلق ’آخری‘ مقدمے میں ضمانت منظور

لاہور(پی پی آئی)لاہور کی انسداد دہشتگردی (اے ٹی سی) کی عدالت نے معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے خلاف 9 مئی سے متعلق چوتھے اور ا?خری مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور پر حملہ کرنے سے متعلق پہلے سے درج دو مقدمات میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد سرور روڈ پولیس نے خدیجہ شاہ کو کنٹونمنٹ کے علاقے میں پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں دوبارہ حراست میں لے لیا تھا۔پی پی آئی کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں حتمی دلائل دیتے ہوئے خدیجہ شاہ کے وکیل سمیر کھوسہ کاکہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے نئے مقدمے میں درخواست گزار کی دوبارہ گرفتاری بد نیتی پر مبنی ہے تاکہ انہیں سلاخوں کے پیچھے رکھا جا سکے۔۔پراسیکیوٹر نے کیس ریکارڈ پیش کیا اور عدالت کو اس بات سے آگاہ کیا کہ استغاثہ کے گواہوں نے جیل میں ملزمہ کی شناخت پریڈ کے دوران ان کوشناخت کیا۔انہوں نے عدالت سے اپیل کی کہ خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج ارشد جاوید نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست گزار کی ضمانت منظور کرلی۔