کراچی (پی پی آئی) قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے طلباء کے عالمی دن کے موقع پر چین کے لیے پروازوں پر 80 کلو گرام بیگیج الاؤنس کے ساتھ طلباء کو 20 فیصد خصوصی رعایت کی پیشکش کی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی پرچم بردار کمپنی فی الحال ہر اتوار کو اسلام آباد تا بیجنگ اور بیجنگ سے اسلام آباد روٹ پر ہفتہ وار پرواز چلا رہی ہے، ڈسکاؤنٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک طالب علموں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کی ایک بڑی تعداد پورے چین میں تعلیم حاصل کر رہی ہے اور وہ آئندہ موسم سرما کی تعطیلات کے دوران اس پیشکش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس کے علاوہ طلباء دونوں ممالک کے درمیان اپنے سفر کے دوران سامان الاؤنس میں اضافے سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔علاوہ ازیں سکھر کے شہریوں کیلئے خوشخبری ہے کہ پی آئی اے نے سکھر سے کراچی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر فلائٹ چلانے کا اعلان کیا ہے، سکھر کے شہریوں کو سفری سہولیات فراہمی کے سلسلے میں پی آئی اے نے سکھر سے کراچی روزانہ کی بنیاد پر شام کو پیر اور جمعرات کو صبح شام فلائیٹ چلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ سکھر سے اسلام آباد کے لیے اتوار، بدھ، جمعہ کو شام کی فلائیٹ شروع کی ہے، یہ فیصلہ سکھر کے شہریوں کو سفری سہولیات بہتر بنانے کیلئے کیا گیا، شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔