کراچی(پی پی آئی)سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم بنانے کی جنگ میں آصف زرداری سب کچھ نچوڑ لیں گے، مسلم لیگ ن کا یہ آخری اقتدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو کچھ ہوا، کوئی نئی چیز نہیں، اس الیکشن کو جوڈیشل سلیکشن کہتا ہوں۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی سیاست بہت مختلف ہے، وہ اس گیم کے ماسٹر ہیں۔ میرا خیال ہے کہ وہ وزیراعظم کے عہدے کے علاوہ سب کچھ نچوڑ لیں گے۔ ن لیگ کا یہ اخری اقتدار ہے، اسکے بعد یہ اقتدار میں نہیں آسکیں گے۔نئے وزیراعظم کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ عہدہ مسلم لیگ ن کے کسی نامزد کردہ رہنما کو ملے گا، شاید شہباز شریف ہوں۔ اگر نواز شریف وزیراعظم بنے تو مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان وفاق میں تو حکومت نہیں بنا سکتے، چاند پر ضرور حکومت بناسکتے ہیں۔ پی پی آئی کے مطابق فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ سب سے پہلے پتہ کرنا ہوگا پاکستان یہاں تک کیسے پہنچا؟ وہ کون ہے جس کی وجہ سے پاکستان آج اس حالت میں پہنچا، وہ کون ہے جنہوں نے آئین و قانون کی ٹھیکیداری اٹھائی ہوئی ہے۔