سرینگر(پی پی آئی)غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور اپنی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیرکے حل کا مطالبہ کرنے کا حق حاصل ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاکہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں مستقل امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دنیا بھرمیں خصوصا جنوبی ایشیا میں قیام امن کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی ہے۔حریت ترجمان نے کہاکہ نریندر مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت ظلم و جبر کی پالیسی کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو انکا حق خوداردیت دے تاکہ وہ اپنے مستبقل کا فیصلہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کو یقینی بنایاجاسکے۔
