ریٹائرمنٹ کی عمر60سال سے بڑھا کر 62سال کرنے کی منظوری

اسلام آباد(پی پی آئی)پنشن کی ادائیگیوں کے بوجھ سے وقتی طور پر جان چھڑانے کے لئے ریٹائرمنٹ کی عمر 60سال سے بڑھا کر 62سال کرنے کی تجویز پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ وزارت خزانہ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو 3 نکات پر مشتمل سمری بھجوائی تھی جس میں پنشن کا شمار سروس کے آخری تین سالوں میں لی جانے والی تنخواہوں کے مطابق کرنے اور قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لینے والوں کی پنشن میں 3فیصد کٹوتی کرنے کی تجاویزشامل تھیا ں لیکن ان تجاویز کو اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے یکسر مسترد کردیا البتہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60سال سے بڑھا کر 62سال کرنے کی منظوری دے دی تاکہ وقتی طور پر خزانے پر ادائیگیوں کے بوجھ کو ٹالا جا سکے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی مدت 2سال بڑھانے کی تجویز منظوری کرنے کا آفس میمورنڈم جاری کر دیا ہے۔ پی پی آئی کے مطابق وزارت خزانہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی او ایم پر وزارت قانون اور ای سی سی سے منظوری لینے کے بعد وفاقی کابینہ کو حتمی منظوری کے لئے سمری بھجوائے گی۔