ٓاسلام آباد(پی پی آئی)قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی نذرہوگیا، اپوزیشن رکن اورنگزیب کھچی کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا گیا جبکہ ایوان میں آج کئی آئینی ترمیمی بلز پیش ہونا تھے۔قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا، تلاوت کلام پاک، نعت رسولمقبول اور قومی ترانے کے بعد اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنا تھا تاہم وزیر برائے آبی وسائل کی غیرموجودگی پر نوید قمر نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ پی پی آئی کے مطابق نوید قمر نے ایوان میں وزراکی غیرحاضری پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ممبران بروقت پہنچ جاتے ہیں تو وزیر بھی جوابات دینے کے لیے ہونے چاہئیں، توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دینے کے لیے کوئی وزیر نہیں۔نوید قمر کا کہنا تھا کہ اگر اجلاس کا آغاز ساڑھے 11 بجے صبح ہونا تھا تو وزرا کی بھی ڈیوٹی ہے کہ ساڑھے 11 بجے ایوان میں پہنچ کر جواب دینے کے لیے تیار ہوں، اگر حکومت ہمیں سنجیدہ نہیں لے گی تو دنیا کیسے ہمیں سنجیدہ لے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے نوید قمرکے مؤقف کی تائید کرتے کہا کہ آج کابینہ اجلاس شیڈول تھا، قومی اسمبلی اجلاس کے باعث وفاقی کابینہ اجلاس ری شیڈول کیا گیا پھر بھی وزراایوان میں نہیں آئے انہیں یہاں ہونا چاہیئے تھا، ہمارے کہنے پر کابینہ اجلاس 10 بجے رکھا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن اورنگزیب کھچی نے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کا موقع نہ ملنے پر کورم کی نشاندہی کردی، جس کے بعد اپوزیشن ایوان سے باہر چلی گئی، گنتی مکمل کرانے پر کورم پورا نہ نکلا، جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کی صبح 10:30 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Next Post
پاکستانی حکام انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے شفاف رہیں:ایمنسٹی انٹرنیشنل
Tue Aug 27 , 2024
کراچی(پی پی آئی)ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستانی حکام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے شفاف رہیں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستانی حکام سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی، مانیٹرنگ اور سرویلنس ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے مکمل شفافیت فراہم کرنے کا […]
