ڈاؤ یونیورسٹی میں کینسر سینٹر کا افتتاح

کراچی، 16اپریل (پی پی آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈاؤ یونیورسٹی میں کینسر کے جامع سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے اسے صوبے میں صحت کے میدان میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سینٹر محض ایک طبی سہولت نہیں بلکہ ایک وژن کی تعبیر ہے جو بے شمار خاندانوں کے لیے امید کی کرن بنے گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ 2021 میں گاما نائف ریڈیو سرجری یونٹ کے قیام نے کینسر کے علاج کی بنیاد رکھی، اور 2022 میں سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اب یہ و ژن حقیقت کا روپ دھار گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سینٹر میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس تمام شعبوں میں طبی سہولیات موجود ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کینسر کے سینٹر میں صحت یابی، تعلیم، اور تحقیق کا اشتراک ہے جبکہ سب کو معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر سعید قریشی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کینسر کے علاج کی سہولت کے لیے کام کر رہی ہے۔مراد علی شاہ نے اس موقع پر مزید تین مشینوں کی تنصیب کا بھی اعلان کیا اور مخیر حضرات سے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے خلاف جنگ میں طبی تعلیم اور عوامی شعور کا بھی اہم کردار ہوگا۔آخر میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت مند اور روشن مستقبل کے حصول میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیادت، مہارت اور مقصد ایک جگہ متحد ہوں تو ہم سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔

Leave a comment