کراچی،25اپریل (پی پی آئی) وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واشگاف الفاط میں اعلان کیا ہے کہ متنازع کینال منصوبے سندھ حکومت کی منظوری کے بغیر کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی مرضی کے بغیر کوئی منصوبہ تسلیم نہیں کرے گی۔جمعہ کو وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات اب ثابت ہو چکی ہے کہ نہ تو ان کینال منصوبوں کو باضابطہ منظوری ملی ہے اور نہ ہی ان پر پنجاب میں کوئی عملی پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان کینال منصوبہ نومبر 2024ء سے بند پڑا ہے کیونکہ سندھ حکومت نے جون 2024ء میں ارسا کے سرٹیفکیٹ کو چیلنج کر دیا تھا۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 250 ارب روپے کے منصوبے کے لیے محض 10 لاکھ روپے مختص کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ منصوبہ سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غیر منظور شدہ اسکیموں پر کبھی بھی کام شروع نہیں ہوتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کے پاس کسی منصوبے کی منظوری کا آئینی اختیار نہیں ہے، اور پیپلز پارٹی ایک وفاقی جماعت ہونے کے ناطے سندھ کے حقوق اور دریائے سندھ کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے بتایا کہ کینالز پر عوامی خدشات موجود ہیں اور پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ متنازع کینالز کا معاملہ نگران حکومت کے دور میں اٹھایا گیا، لیکن ہماری موجودگی میں یہ منصوبے آگے نہیں بڑھ سکتے، وزیراعلیٰ نے دوٹوک الفاظ میں کہا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے نمائندے ارسا کا سرٹیفکیٹ واپس کریں گے، جبکہ سی سی آئی میں ان کینالز کے خلاف سندھ کا مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے۔ مراد علی شاہ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور صدرِ مملکت میڈیا پر آکر واضح اعلان کریں کہ یہ کینالز تعمیر نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن مخالفین چاہتے تھے کہ پیپلز پارٹی حکومت چھوڑ دے اور ملک میں عدم استحکام پیدا ہو، جو ہم نے کامیابی سے ناکام بنایا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے، اور ان پر سندھ کے عوام کو مکمل بھروسہ ہے۔ ہم نے سازشیں برداشت کیں لیکن پیپلز پارٹی کی مقبولیت ہمیشہ بڑھی ہے۔ ہم وہ جماعت ہیں جس کی قیادت نے شہادتیں قبول کیں لیکن پیچھے نہیں ہٹی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی بھی بیک ڈور مذاکرات نہیں کرتی، اور خود کو ایک کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی پارٹی کے اصولوں پر قائم ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ملکی سلامتی کے حوالے سے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی قوتیں قومی دفاع کے لیے متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی فوج کے سپریم کمانڈر، صدر پاکستان، وفاقی حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھارت کو کھلے الفاظ میں پیغام دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، اور اب بھارت پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکتا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک پر آنچ آنے نہیں دیں گے اور دشمن کے پروپیگنڈے کو ہر محاذ پر ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Next Post
غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار
Fri Apr 25 , 2025
کراچی،25اپریل (پی پی آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم مجتبیٰ حیدر کو شاہراہِ پاکستان کراچی سے چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 14 ہزار […]
