کراچی، 25 اپریل (پی پی آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مالی وسائل کے حصول سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے معروف صنعتکاروں کے ساتھ کراچی اور صوبے کی ترقی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت مشترکہ کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ، عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، زبیر موتی والا سمیت دیگر اہم صنعتکار شریک ہوئے، جبکہ حکومت سندھ کی نمائندگی پرنسپل سیکریٹری آغا واسف، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت قاسم نوید، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری صنعت یاسین شر اور دیگر اعلیٰ حکام نے کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے صنعتکاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ حکومت سندھ کراچی سمیت صوبے کی ترقی میں صنعتکاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں سنجیدہ ہے۔عقیل کریم ڈھیڈی نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ ایسے منصوبوں کی تفصیلات فراہم کرے جن میں نجی شعبے کی شمولیت ممکن ہو۔ اس پر وزیراعلیٰ نے قاسم نوید کو ہدایت دی کہ وہ صنعتکاروں کے ساتھ براہ راست رابطہ کریں اور تفصیلی مشاورت کریں۔
اجلاس کے دوران شاہراہ بھٹو اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبوں میں سرمایہ کاری پر صنعتکاروں نے دلچسپی ظاہر کی۔ شاہراہ بھٹو کو کراچی کے لیے ایک اہم سڑک اور ممکنہ گیم چینجر قرار دیا گیا، جبکہ اس راہداری پر شجرکاری کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔متعدد نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جنہیں صنعتکاروں نے حکومت سندھ کے ساتھ مل کر مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ان منصوبوں کو اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹر کیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری کے لیے شفاف فنڈز اکٹھے کیے جا سکیں۔اجلاس میں بندرگاہ سے بھاری ٹریفک کے لیے براہ راست اخراج کے راستے کی تعمیر پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ بھاری ٹریفک کے انتظام سے متعلق دیگر منصوبے بھی زیر غور آئے۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے شہر کی خوبصورتی اور رہنے کے قابل بنانے کے لیے صنعتکاروں کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے نجی اور سرکاری شعبے کا اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے۔
