لاہور،4مئی (پی پی آئی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بھارت کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی قوم کا اتحاد ہماری مسلح افواج کے لئے تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں روس جیسی سپر پاور کو شکست دے کر دنیا کا نقشہ بدلنے والے شہدا کے وارث ہیں اور اپنی خاندانی روایات کو قائم رکھتے ہوئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ہر جارحیت کا سامنا کریں گے۔ہمایوں اختر خان نے حلقہ این اے 97 کے طویل دورے کے دوران مختلف برادریوں کے عمائدین، کسانوں اور تاجروں سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے ساتھ تعمیر و ترقی کے نئے منصوبوں کے لئے بھی بھرپور کوششیں جاری ہیں اور عوام جلد مزید خوشخبریاں سنیں گے۔ہمایوں اختر خان نے حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں جا کر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور اخلاص اور نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں اور خدا کی ذات نے اس میں کامیابیاں بھی عطا کی ہیں۔ ہم نے حلقے میں تین سیاسی دفاتر قائم کئے ہیں جو عوام کی بھرپور معاونت میں مصروف ہیں۔ ملاقاتوں کے دوران پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اگر بھارت نے جارحیت کی تو ساری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ لڑے گی۔
Next Post
پی ٹی آئی کا سلام سندھ ٹرین مارچ: متنازعہ نہروں کے خلاف تحریک کو خراج تحسین
Sun May 4 , 2025
کراچی، 4 مئی (پی پی آئی): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ نے “سلام سندھ ٹرین مارچ” کراچی سے ڈہرکی تک منعقد کیا، جس کی قیادت صوبائی صدر حلیم عادل شیخ نے کی، تاکہ متنازعہ نہری منصوبوں کے خلاف عوام اور قانونی برادری کی جرات کو سراہا جا سکے۔ […]
