چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے نومنتخب چیپٹر صدر شعیب قادری کے اعزاز میں کراچی جم خانہ میں ظہرانہ

کراچی: ، 7 دسمبر 2025(پی پی آئی)چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے نومنتخب سندھ چیپٹر صدر محمد شعیب قادری کے اعزاز میں کراچی جم خانہ میں خصوصی ظہرانے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک–افریقہ تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مضبوط ارادوں اور نئی حکمت عملیوں کا اظہار کیا گیا۔

تقریب میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل اسحاق شنواری، ایف پی سی سی آئی ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر زاہد انصاری، میزبان اور فیڈریشن کے نائب صدر سید معیز الدین سمیت معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

نائب صدر معیز الدین نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے فیڈریشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خاص طور پر جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افریقی منڈی میں پاکستانی صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانا ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہانسبرگ میں ہونے والی دوسری پاک–افریقہ ٹریڈ سمٹ دونوں خطوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے، اور اس قسم کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے بانی چیئرمین محمد رفیق میمن کی قیادت میں ادارہ افریقہ کی نئی اور ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں پاکستانی کاروباری مواقع کے لیے سرگرم ہے، خصوصاً ان ممالک میں جہاں رسائی کم رہی ہے۔

محمد شعیب قادری نے اس عزت افزائی پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے فیڈریشن اور خصوصاً چیئرمین محمد رفیق میمن کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ سندھ کی کاروباری برادری ان کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرے گی تاکہ تجارتی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

قائدِ اعظم ٹرافی چیمپئن کراچی بلیوز کی کراچی واپسی پر شاندار استقبال

Sun Dec 7 , 2025
کراچی: ، 7 دسمبر 2025(پی پی آئی)قائدِ اعظم ٹرافی چیمپئن کراچی بلیوز کا اتوار کو کراچی واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا، ڈھائی سال میں دوسری بڑی کامیابی سمیٹ کر قائدِ اعظم ٹرافی جیت کر واپس لوٹنے والی کراچی بلیوز کرکٹ ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ پر غیر معمولی استقبال کیا […]