اسلام آباد، 8 دسمبر 2025 (پی پی آئی): سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے آج ایک خصوصی پالیسی فائنڈر سروس کے قیام کا اعلان کیا ہے جس مقصد عوام کو اپنے مرحوم عزیزوں کی لائف انشورنس پالیسیوں کا معلوم کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام، جسے لائف انشورنس پالیسی فائنڈر سروس کا نام دیا گیا ہے، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (سی ڈی سی) اور انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان (آئی اے پی) کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ورثاء میں آگاہی کی کمی کے باعث سالوں سے غیر وصول شدہ جائز دعووں اور مالی فوائد کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنا ہے۔
یہ نظام صارفین کے حقوق کے تحفظ کو مضبوط بنانے، انشورنس کی صنعت میں شفافیت کو فروغ دینے، اور حقیقی مستحقین کو انشورنس کی ادائیگیوں تک رسائی کے لیے ایک منظم اور محفوظ طریقہ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
متوفی شخص کا قومی شناختی کارڈ نمبر شارٹ کوڈ 99833 پر ایس ایم ایس کر کے 15دسمبر 2025 سے شہری اس سروس کا استعمال کرسکیں گے اگر جمع کرائے گئے شناختی کارڈ نمبر پر کوئی پالیسی پائی جاتی ہے تو متعلقہ لائف انشورنس کمپنی یا فیملی تکافل آپریٹر براہ راست ورثاء سے رابطہ کر کے ضروری تصدیق اور کلیم کے طریقہ کار میں ان کی رہنمائی کرے گا۔
مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے، ایس ای سی پی نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں تمام لائف انشورنس کمپنیوں اور فیملی تکافل آپریٹرز کے لیے شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔ یہ ہدایت تمام انشورنس کمپنیوں کو پابند کرتی ہے کہ وہ اس نظام کے ذریعے موصول ہونے والی انکوائریوں کا ایک مقررہ وقت کے اندر جواب دیں اور مسلسل مطلوبہ پالیسی معلومات فراہم کریں۔ یہ سرکلر ایس ای سی پی کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔
