لندن: برطانوی اسٹارالینا بالٹچا نے انجری مسائل کے سبب ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، 16 برس پر محیط انٹرنیشنل کیریئر میں وہ دنیا کی ٹاپ 50 پلیئرز میں شامل رہنے کے ساتھ برطانیہ کی نمبر ون کھلاڑی بھی بنیں۔ بالٹچا نے 1997 میں ٹینس ورلڈ میں قدم رکھا، ایڈنبرا میں آئی ٹی ایف ویمنز سرکٹ میں اپنے پہلے ایونٹ کے ساتھ وہ پروفیشنل کھلاڑیوں میں شامل ہوگئیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کے کھیل میں بہتری آتی گئی اور 2009 میں ٹاپ 100 میں شمولیت کے بعد وہ 2010 میں ٹاپ 50 میں ترقی پاگئیں۔ بالٹچا 2010 میں ممفس، ایسٹ بورن اور استنبول اور 2011میں ڈلاس کے ڈبلیو ٹی اے ایونٹس کے کوارٹر فائنلز تک پہنچیں۔ 2010 میں یو ایس اوپن کے بعد وہ اپنے کیریئر کے سب سے بلند رتبے49 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی تھیں۔ چند ماہ کے دوران ان کی ٹاپ 10 فتوحات میں انڈین ویلز پر نمبر 10لینا، ایسٹ بورن میں بھی نمبر 10 لینا اور استنبول میں نمبر 8 فرانسیسکا شیوانے پر کامیابیاں شامل ہیں۔