وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی

لاہور(پی پی آ ئی) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے ایک اور بڑا اقدام، تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے کی حتمی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں خواجہ شیرازمحمود، محمد خان لغاری، سیف الدین کھوسہ، سردار محمد محی الدین کھوسہ، جاوید اختر لنڈ، مخدوم رضا، علی رضا دریشک، رائے ظہور شامل تھے، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خا ن بھٹی بھی اس موقع پرموجود تھے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مطالبے پر تونسہ کو ضلع کا درجہ کیلئے فوری اقدام کیا ہے، 2005 میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تونسہ کو ضلع کادرجہ دینے کی حتمی منظوری بھی میں نے دی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تونسہ کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتا ہوں، چند ماہ کے قلیل عرصے میں تونسہ پانچواں نیا ضلع ہے، قبل ازیں مری، وزیرآباد،تلہ کنک اور کوٹ ادو کو ضلع کا درجہ دیا جا چکا ہے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ ضلع بننے سے تونسہ کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی، تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا، فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔ملاقات کے دوران اراکین اسمبلی نے تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے اظہار تشکر کیا۔

Next Post

کے پی حکومت بھتہ خوری روکنے میں ناکام، تاجروں نے عمران خان کو خط لکھ دیا

Thu Dec 15 , 2022
پشاور(پی پی آ ئی) پشاور میں بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات سے پریشان ہو کر پی ٹی آئی کے تاجروں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو خط لکھ دیا۔پشاور میں بھتے کی کالز اور گھروں پر دستی بموں سے حملوں پر تاجر شدید پریشان ہیں جس کے باعث انصاف ٹریڈرز […]