ایشزسیریز: آسٹریلیا نے پہلے روز 8وکٹوں کے نقصان پر 273رنز بنالیے

برسبین:  ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 273رنز بنا لئے، بریڈ ہیڈن78 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ اورآسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ برسبین میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف12 رنز پر کرس راجرز ایک رن بنا کر اسٹورٹ براڈ کی گیند پر کیچ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اسٹورٹ براڈ نے تباہ کن بولنگ کراتے ہوئے آسٹریلین بلے بازوں کو کریز پر زیادہ دیر نہ ٹکنے دیا۔ ایک وقت پر آسٹریلیا کے132رنز پر چھ کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے کہ ٹیم کی باگ ڈور مچل جانسن اور بریڈ ہیڈن نے سنبھالی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو246 تک پہنچا دیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں114 رنز جوڑے۔ بالآخر اسٹورٹ براڈ نے آسٹریلوی بلے بازوں کی پارٹنر شپ کو توڑا اور جوہنسن کو بولڈ کر دیا۔ جوہنسن نے 64رنز اسکور کئے۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر273 رنز بنا لئے ہیں۔ بریڈ ہیڈن 78 اور ریان ہیرس چار رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے پانچ اور اینڈرسن نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

Latest from Blog