لکی مروت(پی پی آئی)خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے رات گئے تھانہ درہ پیزو پر دو اطراف سے کیے گئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا۔پی پی آئی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ پولیس کے کوئیک رسپانس اور بھرپور جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) لکی مروت تیمور خان نے پولیس جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم حالات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔واضح رہے کہ 16 جنوری کو بھی خیبرپختونخوا کے شہر لکی مروت میں پولیس نے چوکی ریسکیو 15 گنڈی چوک اور تھانہ پیزو پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا، پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے تھے۔