سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے افتتاح کیا،افتتاحی میچ میں پی ایس ایس او الیون فتح
افتتاحی میچ میں اسکول اسپورٹس الیون فتحیاب، جی ایس آر کرکٹ کلب بے نظیر آباد کو شکست
سندھ میں گراس روٹ لیول کا یہ شاندار ایونٹ ہے،ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ہوگی،شعیب محمد
حیدرآباد (پی پی آئی)پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کے زیر اہتمام پی ایس ایس او آل سندھ کلر کٹ ٹی20کرکٹ ٹورنامنٹ حیدرآباد میں شروع ہو گیا،افتتاحی میچ میں پاکستان اسکول اسپورٹس الیون نے جی ایس آر کرکٹ کلب شہید بے نظیر آباد کو 35رنز سے شکست دے دی،سابق ٹیسٹ کرکڑر شعیب محمد نے ایونٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع ٹورنامنٹ کے چیف پیٹرن اسپیشل سیکریٹری کالج ندیم الرحمان میمن، پیٹرن فواد شیخ، خرم علی مرزا، آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر عدنان تاج ملک،سینئر نائب صدر شاہمیر خان لاشاری،نائب صدر زیشان تاج، آرگنائزنگ سیکریٹری ایس ایم ندیم، پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کے صدر سید گوہر رضا،سابق سیکریٹری اسپورٹس غلام اکبر شاہ بخاری شجاعت علی مرزا، خالدہ ندیم، ریحانہ بھٹی، رضوانہ وسیم، جنید میمن، فیضان شیخ،پرویز احمد شیخ،خرم رفیع صدیقی،منور جعفری، ناصر خانزادہ اور ٹورنامنٹ آرگنائزر عمیر چانڈیو دیگر بھی موجود تھے۔مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھی کرکٹ کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے جسے نکھارنے کی ضرورت ہے،میں سمجھتا ہوں کہ پی ایس ایس او کی یہ بہت اچھی کوشش ہے،کرکٹ کا معیار بھی بہت اعلیٰ ہے،حیدرآباد سمیت سندھ کے شہروں سے سامنے آنے والے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے،ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پی ایس ایس او الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹوں پر182رنز اسکور کئے،دانیال راجپوت نے 49گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 76،فواد مہر نے چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 50اور فرید نے19رنز اسکور کئے،شیر افضل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں جی ایس آر سی سی 147رنز پر آؤٹ ہو گئی۔صدام حسین نے37،علی شان نے35 اور جاوید لنگاہ نے 32رنز بنائے۔فاتح ٹیم کی جانب سے سکندر سومرو نے تین جبکہ دانیال راجپوت اور داؤد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔دانیال راجپوت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
