الیکشن کمیشن کی مسلم لیگ (ن) کو 14 مارچ تک پارٹی الیکشن کرانے کی مہلت
اسلام آ باد(پی پی آ ئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن)کو 14 مارچ تک پارٹی الیکشن کرانے کی مہلت دے دی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ن لیگ کو یہ بھی نہیں پتہ کہ پارٹی انتخابات کب ہوں گے، اگر پارٹی صدر وزیراعظم ہے تو کسی اور کو صدر بنا لیتے، کم از کم مذاق والے پارٹی الیکشن ہی کروالیں۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5رکنی کمیشن نے مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کے کیس کی سماعت کی۔درخواست پر سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے کہ مسلم لیگ ن ’کم از کم مذاق والے پارٹی الیکشن ہی کروا لے۔وکیل ن لیگ نے مؤقف اپنایا کہ انٹراپارٹی انتخابات کرانا چاہتے ہیں لیکن حالات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ مارچ 2022 سے شہباز شریف اور ان کی جماعت سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف تھے، شہباز شریف کے وزیراعظم بننے سے پارٹی انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے، سیکرٹری جنرل احسن اقبال 14 جنوری کو جنیوا سے آئیں گے۔وکیل ن لیگ نے یقین دہانی کروائی 31 جنوری تک پارٹی انتخابات کروا دیں گے جس پر ممبر پنجاب بابر بھروانہ نے ریمارکس دیے ’یکم فروری تک پارٹی الیکشن نہ ہوئے تو انتخابی نشان واپس لے لیں گے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کو 14 مارچ تک پارٹی الیکشن کرانے کی مہلت دے دی ہے۔