سری نگر(پی پی آ ئی) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انتخابات کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ اقتدار یا نام نہاد انتخابات کے لئے نہیں بلکہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابات ایک فوجی آپریشن کے سوا کچھ نہیں۔ غلام احمد گلزار نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم بالخصوص محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ بھارتی فورسز نے جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں پکڑدھکڑتیز کر دی ہے جہاں مسلمانوں کو ہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے اور ان کی املاک کی توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے آزادی کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو سزا دینے کے لیے این آئی اے،ایس آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسے بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں کو ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جارہا ہے۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ یہ جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے میں ناکام رہے ہیں بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ تحریک مزید زور پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
Next Post
مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں تلاشی کی کاروائیاں جاری
Sun Jan 15 , 2023
سری نگر(پی پی آئی) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کے مختلف علاقوں میں قابض بھارتی فوجیوں کی جا نب سے نام نہاد تلاشی کاروائیاں جا ری ہے۔ کشمیر میڈیا کے مطابق اتوار کے روز قابض بھارتی فوجیوں نے ضلع بڈگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی، قابض بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے ریڈبگ ماگام […]