کراچی جیسے انتخابات کرا کر اسمبلی بنائی گئی تو عوام خاموش نہیں رہیں گے
اسلام آ باد (پی پی آ ئی) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسپیکر نے ثابت کردیا کہ وہ جانبدار ہیں، اسپیکر نے کہا اجتماعی استعفے منظور نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا آئینی ذمہ داری ہے، تصدیق کروں گا، آج اسپیکر نے آئینی ذمہ داری سے انحراف کیا ہے۔ اگر کراچی جیسے الیکشن کرا کر اسمبلیاں بنائی گئیں تو عوام خاموش نہیں رہیں گے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’تحریک انصاف چاہتی ہے عوام فیصلہ کریں اور نئے عام انتخابات کرائے جائیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کراچی جیسے الیکشن کرا کر اسمبلی بنا لیں گے تو عوام خاموش نہیں رہیں گے،آپ نے ایسا کیا تو عوام آپ کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ہم نے اپنی دو حکومتیں، دو اسمبلیاں قربان کی ہیں، اس لیے نہیں کیں کہ آپ جمہوری روایات توڑ دیں، ان کے پاس کوئی ایکشن پلان یا روڈ میپ نہیں،یہ معیشت اور دہشتگردی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران 35 استعفے منظور کرلیے، یہ اقدام گھبراہٹ کا آئینہ دار ہے، موجودہ حکومت عوام کا سامنا نہیں کرسکتی۔