لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ قومی ٹیم نے اگر ایشیاءکپ میں شرکت نہ کی تو پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کے پوائنٹس نہیں ملیں گے۔دبئی روانگی سے قبل لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا نیا کوچ پاکستانی ہوگا۔ ڈیو واٹمور نے دو سال بہت اچھا کام کیا ہے اور کافی محنت کی ہے۔ اس بار قومی کوچ کو تعینات کریں گے۔ ایشیاءکپ میں شرکت کے حوالے سے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک سیکورٹی وفد بنگلہ دیش میں سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے بنگلہ دیش جائے گا اور پھر رپورٹ پیش کرے گا۔ اس رپورٹ کی روشنی میں ایشیاءکپ میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت کے پاس اختیار ہے کہ وہ سیکورٹی کی بنا پر قومی ٹیم کی ایشیاءکپ میں شرکت کو روک دے۔