بھارتی بجٹ کو فاروق عبد اللہ نے بتایا اچھا تو محبوبہ مفتی نے قراردیا عوام دشمن

جموں / سری نگر (پی پی آئی)بھارت کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کی پارلیمنٹ میں 2023-24 کے لئے پیش کی گئی بجٹ تجاویز پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی سیاسی پارٹیوں اور مختلف سیکٹروں سے وابستہ افراد نے ملا جْلارد عمل ظاہر کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے عام بجٹ کو اچھا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں مڈل کلاس کے لوگوں کو سہولت دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے منفرد انداز میں یہ بھی کہا کہ جب پارلیمنٹ میں انہیں موقع ملے گا تو وہ ضرور بجٹ پر اپنی بات رکھیں گے۔ جبکہ پی ڈی پی نے اس بجٹ کو عوام دشمن قرار دیا۔ پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ بجٹ تجارت پیشہ افراد کے لئے اچھا ہوسکتا ہے لیکن اس میں عام آدمی کے مفادات کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا بلکہ عام لوگوں پر مزید بوجھ ڈالا گیا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بجٹ میں یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کانگریس کے سینئرلیڈر رویندر شرما نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی پرقابو پانے کے لئے بجٹ میں کوئی خاص تجویز نہیں رکھی گئی ہے۔۔ مقبوضہ جموں و کشمیراپنی پارٹی کے رہنما غلام حسن میر نے وزیر خزانہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے زرعی اور باغبانی شعبے کے لئے کسی خاص سکیم کا اعلان کریں۔ سی پی آئی ایم کے محمد یوسف تاریگامی نے بجٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمن بجٹ قرار دیا جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر بی جے پی نے اس بجٹ کو بہتربجٹ قرار دیا ہے۔ پارٹی کے پردیش صدر رویندر رینہ نے کہا کہ اس بجٹ میں سماج کے ہر طبقے کے لوگوں خاص کر خواتین کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

Next Post

پی ایم مودی، امیت شاہ اور اجیت ڈوبھال ڈرپوک ہیں:راہل گاندھی

Thu Feb 2 , 2023
بی جے پی کی سیاست نفرت کی ہے، امید ہے کہ یہ مٹ جائیگی:پرینکا گاندھی کانگریس کی کشمیر میں بھارت جوڑا یاترا وقت کی اہم ضرورت ہے:عمر عبد اللہ سری نگر (پی پی آئی)مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب کے بعد […]