پولیسٹر یارن پر عائد آر ڈی، اینٹی ڈمپنگ ختم کی جائے، کنٹینرز کلیئر کیے جائیں، سہیل نثار
برآمدات کے فروغ کے لیے خام مال کی فراہمی انتہائی ضروری ہے،وفد سے بات چیت
کراچی(پی پی آئی ک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹی ڈی اے پی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زبیر موتی والا نے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل میں پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن(پائما) کے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔پی پی آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے صنعتوں کو بروقت خام مال کی فراہمی انتہائی ضروری ہے لہٰذا وہ صنعتوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے تاکہ ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو۔اس موقع پرڈی جی ٹی ڈیپ باسط رؤف بھی موجود تھے جبکہ پائما کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار کی سربراہی میں ملنے والے وفد میں وائس چیئرمین جاوید خانانی، سابق چیئرمین محمد عثمان، ثاقب گڈلک، اسلم موتن، ثاقب نسیم، حنیف لاکھانی، فرحان اشرفی اور رضوان دیوان شامل تھے۔ پائما کے وفد نے زبیر موتی والا کو بتایا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بنیادی خام مال پولیسٹر یارن کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں شدید رکاوٹ کا شکار ہیں کیونکہ بینک ایل سیز نہیں کھول رہے جبکہ کنسائمنٹ کلیئر نہ ہونے سے صنعتوں خاص طور پر ایس ایم ایز کو خام مال کے شدید بحران کا سامنا ہے۔ بندرگاہوں پر بڑی تعداد میں درآمدی پولیسٹر یارن سے لدے کنٹینرز پھنس کر رہ گئے ہیں اور ان کنٹینرز کی کلیئرنس نہ ہونے کے باعث درآمدکنندگان کو بھاری ڈیمرج اور ڈیٹینشن کی مد میں بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے لہٰذا ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بروقت خام مال کی فراہمی کے لیے فوری طور پر پولیسٹر یارن کے کنٹینرز کلیئر کیے جائیں اور ڈیمرج، ڈیٹینشن معاف کیا جائے۔پائما وفد نے زبیرموتی والا سے یہ درخواست بھی کی کہ پولیسٹر یارن پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی(آر ڈی) اور اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کے خاتمے میں وہ اپنا مؤثر کردار ادا کریں
