ملک بھر میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آ غاز

اسلام آباد(پی پی آئی) ملک میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل بنیادوں پر ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے فیلڈ ورک یکم مارچ سے شروع کردیا گیا، پاک فوج کے 86 ہزار افسران و جوان سکیورٹی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ ایک لاکھ 21 ہزار شمار کنندگان ملک بھر کے 495 شماریاتی اضلاع میں گھر گھر جائیں گے، ادارہ شماریات نے انتظامات مکمل کر لئے۔ادارہ شماریات حکام کے مطابق تمام اہم عمارتوں اور تنصیبات کی جیو ٹیگنگ ہوگی، ساتویں مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر ہی نئی حلقہ بندیاں اور پھر عام انتخابات ہوں گے۔رکن ادارہ شماریات محمد سرور گوندل کا کہنا ہے کہ آپ کا شمار کنندہ جب آپ کے گھر جائے گا تو آپ کے گھر کو ٹیبلٹ کے ساتھ جیو ٹیگ کرے گا، ہر انومریٹر کے ساتھ ہمارا پولیس کا جوان ہو گا اور آؤٹر باؤنڈری پر آرمی فورسز تعینات ہوں گی۔رپورٹ کے مطابق خود شماری کے ذریعے لاکھوں افراد اپنی تفصیلات پہلے ہی آن لائن جمع کرا چکے، یہ سلسلہ 3 مارچ تک جاری رہے گا، ڈیجیٹل مردم شماری میں اکنامک سنسز فریم ورک کی تیاری بھی شامل ہے۔ساتویں مردم شماری کی مجموعی لاگت 34 ارب روپے ہے، جس میں سے تقریباً ساڑھے 7 ارب روپے سکیورٹی پر خرچ ہوں گے، مردم شماری کے ابتدائی نتائج کا اجرا 30 اپریل کو مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے ہو گا۔

Next Post

کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے ترکیہ،شام کے زلزلہ متاثرین میں امدادی اشیاتقسیم

Wed Mar 1 , 2023
انقراہ(پی پی آ ئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی امدادی ٹیموں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین میں امدادی اشیاتقسیم کیں۔کشمیر میڈیا کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام کی طرف سے ترکیہ اور شام میں امدادی کارروائیوں میں تعاون کا اعلان کیاتھا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ […]